اسلام آباد،کراچی(سی پی پی)اسلام آبادہائیکورٹ نے نجی سکولوں کوگرمیوں کی چھٹیوں میں فیس لینے کی اجازت دے دی۔ اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے نجی سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں میں فیس لینے کے کیس کی از سر نو سماعت کی۔دلائل سننے کے بعداسلام آبادہائیکورٹ نے نجی سکولوں کوگرمیوں کی چھٹیوں میں فیس لینے کی اجازت دے دی۔
یاد رہے کہ اسلام آبادہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے گرمیوں کی چھٹیوں میں فیس وصولی سے روک دیا تھاجس پر سپریم کورٹ نے سنگل بنچ کافیصلہ معطل کرکے معاملہ واپس ہائیکورٹ بھجوادیاتھا۔دریں اثناء سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد تعلیمی ادارے کھل گئے۔سندھ میں ا ڑھائی ماہ کی تعطیلات کے بعد صوبے بھر کے اسکول کھل گئے تاہم چھٹیوں کے بعد پہلے روز کے باعث اسکولوں میں حاضری معمول سے کم ہے۔محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے موسم گرما کی دو ماہ تعطیلات 15 جولائی کو ختم ہوگئی تھی تاہم انتخابات کے باعث اس میں مزید 15 روز کا اضافہ کیا گیا اور اس طرح صوبے میں ا ڑھائی ماہ تک اسکول بند رہے۔ بلوچستان کے گرم علاقوں میں بھی موسم گرما کی طویل تعطیلات ختم ہونے کے بعد اسکول کھل گئے، محکمہ تعلیم بلوچستان کا کہنا ہے کہ صوبے کے گرم علاقوں میں 17 اضلاع شامل ہیں جن میں سبی، لسبیلہ، گوادر، تربت، جعفرآباد، نصیرآباد، جھل مگسی سمیت دیگر اضلاع شامل ہیں۔خیبر پختونخوا میں بھی سرکاری سکول کھل گئے اور طلبا و طالبات نے اسکولوں کی جانب رخ کیا۔