اسلام آباد(آن لائن) آئندہ حکومت کی پہلے 100 دن کی کارکردگی معاشی استحکام کی راہ متعین کرے گی۔گزشتہ روز پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف مارکیٹ اکانومی (پرائم) کی جانب سے جاری کردہ تجزیاتی رپورٹ میں بتا یا گیا کہ قومی معیشت کے پائیدار استحکام کیلئے ملکی برآمدات میں ڈبل ڈیجٹ گروتھ اور ترسیلات زر کے فروغ کی ضرورت ہے۔
اس کے علاوہ زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی، بڑھتی ہوئی درآمدات اور برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کیلئے وزیر خزانہ، وزیر تجارت سمیت نجی شعبہ کے تین ماہرین پر مشتمل پانچ رکنی ٹیم تشکیل دے کر کم مدتی اور درمیانی مدت کیلئے پالیسی سازی کی ضرورت ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ حکومتی سطح پر گورننس کی بہتری اور سرکاری اداروں میں بہتری کیلئے بھی جامع اقدامات کی ضرورت ہوگی۔ پرائم کے ماہرین نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں میں استعداد کار کے اضافہ کے حوالے سے سسٹم کو کمپیوٹرائز کرنے کے ساتھ ساتھ فیصلہ کرنے کے اوقات میں بھی نمایاں کمی کرنی ہوگی۔