اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں نئی حکومت کی آمد سے قبل واہگہ بارڈر پر گیٹ تبدیل کر دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں نئی حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی واہگہ بارڈر پر گیٹ بھی تبدیل کئے جائیں گے ، 14اگست سے قبل دونوں ممالک ایک جیسے گیٹس نصب کر دیں گے ، یکساں ساخت کے نئے گیٹ لگانے کیلئے
کھدائی شروع کر دی گئی ہے۔ پاکستان میں نئی حکومت کے آغاز سے ہی پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بھی تبدیلی آگئی ہے۔ دونوں ممالک واہگہ بارڈر لاہور پر نصب اپنے اپنے پرانے دروازوں کو تبدیل کر کے یکساں ساخت کے نئے دروازے نصب کریں گے۔ دروازوں کی تبدیلی کے عمل کا آغاز لاہور کے واہگہ بارڈر سے شروع ہو گیا ہے جسے 14اگست سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔ دوسری جانب بھارتی سکیورٹی حکام نے واہگہ بارڈر پر دروازوں کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دونوں ملکوں نے ایک ہی طرح کا گیٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یکسانیت پیدا کی جا سکے۔ اسی طرح پاکستان رینجرز پنجاب اور بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز بھی ہر روز ایک جیسی مشرکہ پریڈ کرتی ہیں۔ واضح رہے کہ دونوں ممالک کے مابین 1947میں تقسیم کے بعد گیٹ لگائے گئے تھے ۔ اس وقت پاکستان کا گیٹ سلائیڈنگ کی شکل میں کھلتا اور بند ہوتا ہے جبکہ بھارتی گیٹ عام دروازوں کی طرح کھولا اور بند کیا جاتا ہے تاہم اب یکساں ساخت کے نئے گیٹ لگانے کیلئے کھدائی شروع کر دی گئی ہے۔خیال رہے کہ دونوں ممالک کے اہم دنوں کے موقع پر واہگہ بارڈر پر دونوں ممالک کے شہریوں کی کثیر تعداد پہنچتی ہے جہاں دونوں ممالک کی مسلح افواج کی پریڈ ہوتی ہے جبکہ اس موقع پر پرچم اتارنے کی مشترکہ تقریب کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔