اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تبدیلی آئی نہیں تبدیلی آگئی ہے، عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا حلف عوامی انداز میں اٹھانے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کی انتخابات کے بعد کامیابی کے بعد پہلی تقریر کو ہر جگہ پسند کیا جا رہا ہے اور ایسے میں کپتان نے وزارت عظمیٰ کا حلف کسی عوامی تقریب میں اٹھانے کی خواہش کا عندیہ دے دیا ہے۔
نجی ٹی وی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی وزارت عظمیٰ کا حلف ایوان صدر کی بجائے کسی عوامی مقام پر تقریب منعقد کرنے پر غور کر رہی ہے۔اس سلسلے میں عمران خان کی پارٹی کے اہم رہنماؤں سے مشاورت جاری ہے اور اس بات کا حتمی فیصلہ ایک دو روز میں متوقع ہے تاہم عوامی مقام پر وزارت عظمیٰ کی تقریب حلف برداری سیکیورٹی کلیرنس سے مشروط ہے۔