اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)عام انتخابات 2018کے سلسلے میں ملک بھر میں پولنگ کا عمل جاری ہے اور اسی دوران کئی مقامات سے انتخابی خلاف ورزیوں اور لڑائی جھگڑے کے واقعات کی بھی خبریں موصول ہو رہی ہے ۔انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے تاحال کوئی بڑی خبر نہ آئی تھی تاہم اب اطلاع موصول ہوئی ہے کہ فیصل آباد کے حلقہ این اے 102 کے علاقہ جڑانوالہ سے
شناختی کارڈز سے بھرا ہوا تھیلا برآمد ہو گیا ۔ پولیس کا معاملے پر کہنا ہے کہ تھیلے میں شناختی کارڈز موجود تھےاور تمام شناختی کارڈز سے ووٹ کاسٹ کیا جا چکا ہے۔ واضح رہے کہ فیصل آباد کے حلقہ این اے 102 سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نواب شیرو سیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کے مابین کانٹے دار مقابلہ ہے۔ شناختی کارڈ تھیلا برآمد ہونے کے واقعہ پر فیصل آباد کے علاقہ جڑانوالہ میں موجود سیاسی کارکنان نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔خیال رہے کہ گذشتہ روز این اے 125کے علاقے شفیق آباد میں ایک نالے سے سیکڑوں کی تعداد میں شناختی کارڈ برآمد ہوئے تھے جس پر جب معاملہ نادرا کے حوالے کیا گیا تو نادرا نے شناختی کارڈ چیک کرنے پر بتایا تھا کہ تمام شناختی کارڈ زائد المعیاد ہیں ۔ الیکشن سے ایک روز قبل اور الیکشن والے دن شناختی کارڈ ز کے بھرے ہوئے تھیلے برآمد ہونے سے الیکشن کی شفافیت پر سوالات اُٹھادئے ہیں۔قابل ذکر امر یہ ہے کہ شناختی کارڈ سے بھرے ہوئے تھیلے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے درمیان کانٹے دار مقابلے کے حامل حلقوں سے برآمد ہوئے ہیں تاہم اس حوالے سے اطلاعات سامنے نہیں آسکیں کہ شناختی کارڈز کو کس جانب سے استعمال کیا گیا ہے اور کس امیدوار نے دھاندلی کی ہے۔ اس سے قبل مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف دونوں کی جانب سے ایک دوسرے پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزامات بھی سامنے آچکے ہیں۔