اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹہ اضافے کا مطالبہ کردیا، سینیٹر مشاہد حسین سید نے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کولکھے گئے خط میں کہا کہ پولنگ کا عمل سست روی کا شکار ہے، پولنگ اسٹیشنوں کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، ووٹ ڈالنا عوام کا بنیادی حق ہے اور عوام کو ان کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا،
الیکشن ایکٹ 2017کے سیکشن 70کے تحت پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا جائے۔بدھ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی میڈیا کمپنی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے عام انتخابات میں پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھانے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا، اپنے خط میں انہوں نے کہا کہ ملک کے بیشتر پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی طویل قطاریں موجود ہیں اور ایک وقت میں صرف 3 سے 4ووٹرز کو پولنگ اسٹیشن کے اندر داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے الیکشن ایکٹ 2017کے سیکشن 70کے تحت پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ خط میں مزید کہا گیا کہ گرم اور حبس زدہ موسم میں ووٹرز کی طویل قطاروں کے باعث ووٹرز کو ووٹ کاسٹ کرنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پولنگ کا عمل سست روی کا شکار ہے لیکن ووٹر کو ان کے حق رائے دہی سے محروم نہیں کیا جا سکتا، ان وجوہات کے باعث سارے ملک سے مسلم لیگ (ن) کے ووٹرز شکایات کررے ہیں، اگر الیکشن کمیشن ہماری درخواست کو قبول کرے تو اس فیصلے کو سراہیں گے، الیکشن کے وقت میں توسیع کا مطالبہ قبول کرنا آزاد اور شفاف انتخابات کیلئے ضروری ہے، حق رائے دہی عوام کا سنبادی حق ہے، جس کی ادائیگی کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں، اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے بروقت اقدامات کو سراہیں گے۔