اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک ایسا امیدوار جو پولنگ ہونے سے پہلے ہی کامیاب قرار دیدیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عام انتخابات میں ایک امیدوار ایسا بھی ہے جو انتخابات سے پہلے ہی کامیاب ہوچکا ہے۔سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 6 میر شبیر بجارانی پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ پورے پاکستان میں الیکشن سے قبل بلامقابلہ منتخب ہونے والے وہ واحد امیدوار ہیں۔پی ایس 6 کشمور
سے پیپلزپارٹی کے امیدوار میر شبیر بجارانی بلامقابلہ ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں کیوں کہ اس حقلے میں ان کے مدمقابل صرف ایک امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے تاہم ریٹرننگ آفیسر نے ان کے کاغذات مسترد کردیے تھے۔اس حوالے سے ریٹرننگ آفیسر نے میر شبیر علی بجارانی کی کامیابی کا پبلک نوٹس جاری کردیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق پی ایس 6 کے امیدوار میر شبیر علی بجارانی کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی واپسی پر اگر صرف ایک امیدوار رہ جائے تو کامیابی کا پبلک نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔ترجمان کے مطابق امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن 25 جولائی کو پولنگ ڈے کے بعد جاری کیا جائے گا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ میر شبیر علی بجارانی نے پہلے پیپلز پارٹی سے اپنی راہیں جدا کرکے گرینڈ ڈیموکریٹکس الائنس میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا تاہم بعدازاں اسلام آباد میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں معاملات طے پا جانے کے بعد انہوں نے پیپلز پارٹی میں واپسی کا اعلان کیا۔واضح رہے کہ آج 25جولائی کو ملک بھر میں عام انتخابات کے سلسلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے اور 10کروڑ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنے پسندیدہ امیدوار کو ووٹ کاسٹ کرینگے۔ قومی و صوبائی اسمبلی کی نشتوں پر بیک وقت ہونے والے عام انتخابات
میں 9ایسے حلقے بھی ہیں جن میں انتخابات نہیں ہو رہے جس کا اعلان الیکشن کمیشن کر چکا ہے۔ ان حلقوں میں 8حلقوں میں امیدواروں کی وفات کی وجہ سے الیکشن ملتوی ہوئے جبکہ حلقہ این اے 60میں مسلم لیگ ن کے امیدوار حنیف عباسی کی ایفی ڈرین کیس میں گرفتاری کے بعد الیکشن کمیشن نے انتخابات کے التوا کا نوٹس جاری کیا تھا جس کی توثیق ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کر چکے ہیں تاہم سپریم کورٹ نے آئینی نقطے کی تشریح کیلئے این اے 60سے امیدوار شیخ رشید احمد کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر لی ہے۔