لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن سے ایک روز قبل لاہور میں بند نالے سے بڑی تعداد میں شناختی کارڈ برآمد ہوئے، لاہور کے حلقہ این اے 125 شفیق آباد کی یوسی 50 میں بند نالے سے بڑی تعداد میں ملنے والے شناختی کارڈز کے حوالے سے ترجمان نادرا نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ لاہورسے ملنے والے تمام شناختی کارڈ 2010 سے پہلے کے ہیں جو زائدالمیعاد ہونے کی وجہ سے منسوخ ہو چکے ہیں اور 2018 کے الیکشن میں ناقابل استعمال ہیں، ان تمام کارڈز کی جگہ نئے کارڈز جاری کر دیئے گئے ہیں، نئی ووٹر لسٹوں میں نئے
شناختی کارڈوں کی تصویریں آویزاں ہیں۔شفیق آباد کے بند نالے سے ملنے والے شناختی کارڈ ز کی نشاندہی وہاں کھیلنے والے بچوں نے کی جس پر شہریوں نے پولیس کو اطلاع دی اور پولیس نے بوریوں میں بھرے یہ شناختی کارڈ تحویل میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے نالے سے بڑی تعداد میں شناختی کارڈ ملنے پر تشویش کا اظہار کیا تھا اورتحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا تھا۔اس تمام معاملے پر پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔