کراچی (این این آئی) حساس اداروں نے پولنگ والے دن کراچی میں بڑے تصادم کے خدشے کا اظہار کردیا۔ کارکنوں ،لیاری گینگ اور ایم کیو ایم لندن کے کارندے کراچی میں انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کے لیے سرگرم ہوگئے ۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی منصوب بندی کرلی گئی ،ایم کیو ایم لندن کی قیادت نے بذریعہ سوشل میڈیا دہشت گردوں کو خصوصی طور کراچی کے ضلع وسطی میں پولنگ اسٹیشنوں اور
امیدواروں پر حملوں کاٹاسک دیا ہے ۔انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی ایماء پر ایم کیو ایم لندن کراچی کے انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کے لیے سرگرم ہوگئی ہے ۔متحدہ لندن کے علاوہ کراچی کے مضافاتی علاقوں میں لیاری گینگ وار کے کارندوں کو بھی ان کے سرپرستوں سے خصوصی ٹاسک دیا ہے جس میں ان کو ہدایت کی گئی ہے کہ کراچی میں انتخابات والے امن و امان کی صورت حال کو خراب کرنے کے لیے تمام حربے استعمال کیے جائیں ۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ دنوں لندن میں ایم کیو ایم کے سیکرٹریٹ میں بانی متحدہ الطاف حسین اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے اہم ذمہ داروں کی ایک ملاقات ہوئی ہے ،جس میں پاکستان خصوصاً کراچی میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے اہم بات چیت ہوئی ۔’’را‘‘ کے عہدیداروں نے کراچی میں امن و امان کی صورت حال بگاڑنے کے لیے الطاف حسین کو ہرممکن تعاون اور معاونت کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد لندن قیادت نے ساؤتھ افریقہ موجود پارٹی سیٹ اپ کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ لندن سے ہدایت ملنے کے بعد ساؤتھ افریقہ سیٹ اپ کے ذمہ دار قمر ٹیڈی نے فوری طور 6دہشت گردوں پر مشتمل ایک دستہ کراچی روانہ کیا لیکن اس سے قبل یہ کوئی کارروائی کرتے ہوئے
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان میں سے 2دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جنہوں نے تمام پلاننگ سے ان اداروں کو آگاہ کیا ۔ذرائع نے بتایا کہ ساؤتھ افریقہ سیٹ اپ کے مزید دہشت گرد کراچی کے سلیپرسیلز میں موجود ایم کیو ایم لندن کے دہشت گردوں سے رابطے میں ہیں اور انتخابات کے دن میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی مکمل ہے ۔اسی طرح کراچی کے مضافاتی علاقوں میں لیاری گینگ وار کے کارندوں کو بھی اس طرح کی کارروائیوں کی ہدایت کی گئی ہے ۔
انتہائی باخبر ذرائع نے بتایا کہ حساس اداروں نے خفیہ معلومات ملنے پر ایم کیو ایم لندن اور گینگ وار کارندوں پر گہری نگاہ رکھی ہوئی ہے اور ان کی جا نب سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پولنگ والے دن انتخابی امیدواروں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہر میں بڑے کریک ڈاؤن کا امکان ہے جس میں اہم گرفتاریاں کی جاسکتی ہیں ۔واضح رہے کہ 2013کے انتخابات میں بھی کراچی کے انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی تھی اور مختلف علاقوں میں دھماکوں کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق ہوگئے تھے ۔