ٹنڈوالہ یار (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے پی ایس 60پر ایک اور اہم وکٹ گرادی اس نشست پر ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار پی ٹی آئی کے حق میں دستبردار ہوگئے ، ایم کیو ایم کی حمایت سے میرے مخالفوں کو شکست تسلیم کرلینا چاہئے پی ٹی آئی ہی ملک میں تبدیلی کی ضامن ہے ۔تفصیلات کے مطابق پی ایس 60پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ایڈوکیٹ علی احمد پلھ نے ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار کاشف نصیب کی جانب سے حمایت کو
اپنی جیت کو یقینی بتاتے ہوئے خانزادہ ہال میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم ایک بڑی جماعت ہے اور پی ایس 60پر اس کا ایک بڑا ووٹ بینک ہے آج کی اس حمایت کے بعد وہ تمام ووٹ پی ٹی آئی کو جائے گا اور ان ووٹوں کی بدولت پی ٹی آئی فتح حاصل کرے گی ان کا کہنا تھا کہ پی ایس 60کی عوام چاہے دیہات یا شہر پر مشتمل ہو تبدیلی چاہتی اور یہ تبدیلی یوسی ، ایم سی ، شہر ، ضلع ، ریجن ، صوبہ ، یا پھر ملک میں ہو پی ٹی آئی کی بدولت ہی ممکن ہے ایڈوکیٹ علی پلھ نے کہا کہ پارٹی کا جو رابطہ ہوا ہے وہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس رابطے سے میرا حریف اب تک اپنی شکست تسلیم کرچکا ہوگا ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ملک کا ہر ذی شعور شخص تبدیلی چاہتا ہے اسی طرح ملک کی جماعتیں بھی تبدیلی پر اپنی نظریں مرکوز کئے بیٹھی ہیں ان کا کہنا تھا کہ اس تبدیلی کے لئے پی ایس 60پر کھڑی جماعتوں کے امیدوارو ں کے لئے پی ٹی آئی کے دروازے کھلے ہیں اور ہم ہر امیدوار کے پاس چل کر گئے ہیں جنہوں نے پی ٹی آئی کی حمایت کی میں ان کا انتہائی مشکور ہوں اور جنہوں نے تاحال حمایت نہیں کی ہے ان سے میں مایوس نہیں ہوا ہوں اس موقع پر ایم کیو ایم کے امیدوار کاشف نصیب خانزادہ نے کہا کہ اس پریس کانفرنس سے 16گھنٹے قبل سوشل میڈیا پر میری پی ٹی آئی کے حق میں حمایت کی خبریں وائرل ہوگئی تھی اس وقت ایسا کچھ بھی نہیں تھا اعلی ٰ قیادت کے حکم پر پریس کانفرنس کے ذریعے باضابطہ طور پر اعلان کیا جارہا ہے ۔