اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نواز شریف کے طبی معائنے میں اوپن ہارٹ سرجری کی تصدیق ہو گئی،دل کی حالت بہت خراب ہے،جیل میں رہنا خطرناک ہو سکتا ہے، ذرائع میڈیکل بورڈ۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز نے نواز شریف کا طبی معائنہ کرنے والے میڈیکل بورڈ کے ذرائع کے حوالے سے نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری کی تصدیق کی ہے اور ان کے دل کی
حالت کو بہت خراب قرار دیتے ہوئے ان کے جیل میں رہنے کو خطرناک قرار دیدیا ہے۔ واضح رہے کہ نواز شریف نے چند ماہ قبل لندن کے ایک ہسپتال سے اوپن ہارٹ سرجری کرائی تھی جس پر پاکستان میں موجود سیاسی حلقوں کی جانب سے اسے جھوٹ قرار دیا گیا تھا جبکہ اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے سیاسی حریف شیخ رشید احمد نے نواز شریف کے اوپن ہارٹ سرجری کے بعد بحالی کے عرصے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اوپن ہارٹ سرجری والا شخص اتنے جلدی روبصحت نہیں ہو سکتا تاہم اب نواز شریف کے اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ کرنے والے میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق میڈیکل بورڈ کے ذرائع نے اب نواز شریف کے اوپن ہارٹ سرجری کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی حالت کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے جیل میں ان کے رہنے کو خطرناک قرار دیا ہے۔ میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے دل کی حالت بہت خراب ہے۔خیال رہے کہ نواز شریف کی جیل میں خرابی صحت کے حوالے سے رات کو میڈیا رپورٹس میں انکشاف سامنے آیا تھا جس کے بعد سابق وزیراعظم کے طبی معائنے کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا جس نے آج نواز شریف کا اڈیالہ جیل میں معائنہ کرنے کے بعد ان کی جیل سے منتقلی کی سفارش کی ہے جبکہ طبی معائنے کے دوران ان کے خون کے نمونے بھی حاصل کئے گئے ہیں۔