اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ مجرم اعظم آگئے ہیں، میاں صاحب اب 300 ارب روپے واپس کر دیں۔اسلام آباد کے علاقے کراچی کمپنی میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تبدیلی آگئی ہے جو تبدیلی رہ گئی وہ 25 جولائی کو آجائیگی۔انہوں نے کہا کہ وہ کرپشن پر قابو پانے کیلئے نیب کو مضبوط اور ٹیکس چوروں کو ایف آئی اے اور نیب کے حوالے کریں گے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ 8 ہزار ارب روپے
پاکستان کے خزانے میں اکٹھا کرکے دکھائیں گے۔عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ان کی حکومت نے تعلیم اور صحت کے لیے جو کام کیے وہ ملک بھر میں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ انہوں نے کے پی میں کرپشن اور سفارش ختم کی۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق کہنا تھا کہ مجرم اعظم آگئے ہیں لہذا اب میاں صاحب 300 ارب روپے واپس کردیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ قوم کو قسمت بدلنے کا موقع بار بار نہیں دیتا کیوں کہ پہلے ایک جاتا تھا تو دوسرا آجاتا تھا۔