اسلام آباد (نیوز ڈیسک )انتخابات کاوقت قریب آتے ہی الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پرسائبرحملوں میں اضافہ ہوگیاہے۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پربھارت‘ اسرائیل‘ امریکا‘روس سے سائبرحملوں کاانکشاف ہواہے‘ خوش قسمتی سے الیکشن کمیشن کے آئی ٹی ونگ کے اقدامات سے سائبرحملے تاحال ناکام بنائے جاچکے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پرسب سے زیادہ حملے بھارت اوراسرائیل کے ہیکرزکررہے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے پرعزم انداز میں وضاحت کی ہے کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کی سیکیورٹی مزید بہتربنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ ذرائع الیکشن کمیشن نے انکشاف کیا کہ ہیکرزنے ہرماہ ایک ہزارسے زائد سائبر اٹیک کیے۔ انتخابات پراثرانداز ہونے کیلئے مزیدحملوں کاخطرہ نظراندازنہیں کیاجاسکتا۔بانی فیس بک مارک زکر برگ تین ماہ قبل ہی یہ خدشہ ظاہر کرچکے ہیں کہ فیس بک کے جعلی اکاؤنٹس پاکستان میں عام انتخابات پراثر انداز ہوسکتے ہیں۔