اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا، پہلی مرتبہ اسلام آباد کی راول جھیل خشک ہوگئی۔ آنے والے دنوں میں راولپنڈی اسلام آباد میں پانی کی شدید قلت کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ، تاہم واسا کو مون سون کی بارشوں کے شروعہونے کے بعد صورتحال بہتر ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ڈیموں اور پانی کے ذخائر کیلئے منصوبوں کے تعمیر نہ کرنے کے باعث اب پانی کی قلت نے خطرناک نتائج دکھانا شروع کر دیے ہیں۔خاص کر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد راولپنڈی میں پانی کی قلت کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ پہلی مرتبہ دیکھنے میں آیا ہے کہ اسلام آباد کی مشہور جھیل راول خشکی کا شکار ہوگئی ہے۔ پانی کی شدید قلت اور بارشوں کی کمی کے باعث راول جھیل کا آدھے سے زائد حصہ خشک ہو چکا ہے۔ راول جھیل خشک ہو جانے کے باعث آنے والے دنوں میں راولپنڈی اسلام آباد میں پانی کی شدید قلت کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔جھیل میں کشتیوں کی بجائے موٹر سائیکل چلنے لگے ہیں ۔دوسری جانب واسا کو امید ہے کہ مون سون بارشوں کے آغاز تک اسلام آباد راولپنڈی میں پانی کی قلت کا بحران پیدا نہیں ہوگا۔ جبکہ مون سون بارشوں کے شروع ہونے کے بعد نہ صارف راول جھیل پھر سے پانی سے بھر جائے گی، بلکہ جڑوان شہروں میں پانی کی قلت کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ بھی ٹل جائے گا۔