حویلیاں(آئی این پی ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ 100 دن کا پلان پیش کرنے والوں نے 5 سال صرف باتیں کیِ، رکاوٹیں ڈالتے رہے، دھرنے دیتے رہے، الیکشن میں عوام جو فیصلہ کریں گے قبول ہوگا، مجھے نظر نہیں آتا کہ لوگ دھرنے دینے والوں کو ووٹ دیں گے، ووٹ صرف خدمت، ترقی اور شرافت کی سیاست کو ملے گا، یہ سیاست صرف مسلم لیگ ن اور نواز شریف کی ہے ۔
عوامی فیصلے کے مطابق ہی حکومت آئے گی، ہماری کوشش رہی کہ حکومت مدت پوری کرے، وقت دور نہیں جب عوام خنجراب سے گوادر تک موٹروے پر سفر کر سکیں گے، نواز شریف نے جو وعدے کیے اس کو پورا کر رہے ہیں، نومبر تک موٹروے مکمل ہو جائے گا، حویلیاں موٹروے کوئی چھوٹا منصوبہ نہیں ہے، منصوبے کی پی سی ون لاگت 142 ارب روپے ہے‘ آج 1700کلو میٹر طویل موٹر ویز صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بنائے‘ بجلی کے منصوبے‘ گیس کے منصوبے اور دوسرے شعبے دیکھ لیں مسلم لیگ (ن) نے کام کرکے دکھائے۔ منگل کو حویلیاں میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جو وعدے عوام سے کئے اسے ہم پورے کررہے ہیں۔ یہ پہلی حکومت ہے جس نے اپنے دور حکومت میں منصوبے پورے کردکھائے۔ نومبر تک مانسہرہ تک موٹر وے گاریوں کیلئے کھل جائے گا۔ حویلیاں موٹر وے کوئی چھوٹا منصوبہ نہیں حویلیاں سے تھا کوٹ تک سڑک ایک سو بیس کلومیٹر ہے ایک سو بیالیس ارب روپیہ اس کی تکمیل پر خرچ کیا جارہا ہے۔ بجلی کے منصوبے‘ گیس کے منصوبے اور دوسرے شعبے دیکھ لیں مسلم لیگ (ن) نے کام کرکے دکھائے۔ آمریت کا دور بھی گزرا اتنا کام کسی اور حکومت میں نہیں ہوا۔ سو دن والے وہ لوگ ہیں جو پانچ سال صرف باتیں کرتے رہے۔ شرافت کی سیاست صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کی عوام کی خدمت کرکے
دکھایا۔ فیصلہ عوام نے کرنا ہے ہم نے اگلے پانچ سال بھی گزارنے ہیں۔ پچیس جولائی کو الیکشن ہوں گے اب فیصلہ آپ نے کرنا ہے یہی جمہوریت ہے اسی سے پاکستان ترقی کرے گا۔ آپ سیاست کو دیکھ کر بہتر فیصلہ کریں گے۔ وہ وقت دور نہیں جب آپ خنجراب سے گوادر تک موٹر وے پر سفر کرتا دیکھیں گے۔ پشاور سے کراچی کا سفر دنوں میں نہیں گھنٹوں میں ہوگا۔ پاکستان کی تاریخ میں اتنے منصوبے نہیں بنے۔