گجرات (نیوز ڈیسک) وزیر اعلی پنجاب کے خصوصی پروگرام کے تحت ای لون کے تحت رجسٹریشن کرانیوالے کسانوں کو سمارٹ فونز کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے، رجسٹریشن کرانیوالے ضلع گجرات کے 453کسانوں کو سمارٹ فونز حاصل کر سکیں گے جبکہ ابتدائی طور پر 28کسانوں کو سمارٹ فونز فراہم کر دیے گئے ہیں، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے زرعی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،
انہوں نے کسانوں میں سمارٹ فونز بھی تقسیم کئے۔اے سی گجرات وقار حسین خاں، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ، ایڈیشنل پرنسپل ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر احسان اللہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ الفت حسین، کسان تنظیموں کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا کہ کسانوں کو سمارٹ فونز سے بہتر طریقے سے فائد ہ اٹھانے کے قابل بنانے کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفتر میں ٹیلی فون کمپنی کا آفس بھی قائم کر دیا گیا ہے جہاں کمپنی کے نمائندہ کسانوں کو تربیت فراہم کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع گجرات میں ابتک کسان کارڈ کیلئے52067کسانوں کی رجسٹریشن کی جاچکی ہے، بلا سود قرضو ں(ای لون) کیلئے 4546کسان دفتر کا وزٹ کر چکے ہیں،4284نے رجسٹریشن کرائی ہے اور مجموعی طور پر1123کسانوں کو 88.9ملین روپے کے بلا سود قرض جاری کئے جاچکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا کہ محکمہ زراعت کے فیلڈ افسران مجموعی طور پر 22225مقامات سے زرعی زمینوں کے نمونہ جات ٹیسٹنگ کیلئے لیبارٹری بھجوا چکے ہیں جنکا ڈیٹا آن لائن دستیاب ہوگا، کیمسٹ نے زمینوں اور پانی کے مجموعی طو ر پر 19ہزارسے زائد نمونہ جات کے ٹیسٹ کرکے کسانوں کو بہتر پیداوار کیلئے مفید مشورے دیے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زراعت ڈیپارٹمنٹ کھادوں اور زرعی ادویات کی قیمتوں پر عمل درآمد یقینی بنائے، اوور چارجنگ، جعلی کھادیں اور ادویات فروخت کرنیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق ایکشن لیا جائے۔ وزیر اعلی پنجاب کے خصوصی پروگرام کے تحت سمارٹ فونز حاصل کرنیوالے کسانوں نے حکومت پنجاب کا شکریہ اد اکیا۔