کراچی(این این آئی)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے کیپٹل انشورنس کمپنی لمیٹڈ کی رجسٹریشن منسوخ کر کے کام کرنے سے روک دیا ہے ، اس ضمن میں ایس ای سی پی نے لیگل نوٹس جاری کر دیا ہے جس میں قرار دیا گیا ہے کہ ایس ای سی پی نے انشورنس آرڈیننس کے شرائط کے مکمل تجزیہ اور اطمینان کر لینے کے بعد کہ ان شقوں کی خلاف ورزی ہوئی ہے ۔کیپٹل انشورنس کمپنی لمیٹڈ کو نان لائف انشورنس کا کاروبار کرنے سے روک دیا ہے ، نوٹس میں قرار دیا گیا ہے کہ اب کیپٹل انشورنس
کمپنی لمیٹڈ کو انشورنس کا کاروبار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور اگر اس کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اورڈائریکٹر نے بلا اجازت انشورنس کا کاروبار کرنے کی کوئی بھی سرگرمی عمل میں لائی تو ان کا یہ عمل غیر قانونی ہوگا، ایس ای سی پی نے کیپٹل انشورنس کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو اورڈائریکٹرز کو اس امر کا پابند کر دیا ہے کہ وہ انشورنس بزنس کے ہر قسم کے ماضی کے کلیم اور مستقبل کی کسی بھی مالی ادائیگی کے ذمہ دار ہونگے اور کمپنی کو انشورنس آرڈیننس کے دفعات کے تحت بند کرنے کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔