اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب پر ایک اور شدید حملہ، اہم ترین شہر جازان پر بیلسٹک میزائل داغ دیا گیا، ائیر ڈیفنس فورس کی بروقت کارروائی، میزائل کو فضا میں تباہ کر کے شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب پر یمنی حوثیوں کی جانب سے ایک اور شدید ترین حملہ کیا گیا ہے اور سعودی عرب کے اہم ترین سرحدی شہر جازان پر بیلسٹک میزائل داغا گیا ۔ بیلسٹک میزائل جیسے ہی جازان شہر کی فضائی حدود میں داخل ہوا سعودی ائیر ڈیفنس فورس کی بروقت کارروائی
کے نتیجے میں اسے فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا جس کے نتیجے میں جازان شہر بڑی تباہی سے بچ گیا ہے۔ واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ یمن میں آئینی حکومت کی مدد کے لیے قائم عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب میں شہری آبادی کو دانستہ طورپر نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔خیال رہے کہ یمنی حوثی گزشتہ کچھ عرسے میں سعودی عرب پر ایک سوسے زائد بیلسٹک میزائل حملے کر چکے ہیں۔