کراچی (این این آئی)۔تفصیلات کے مطابق پہلے ہی اربوں روپے خسارے سے دو چار اور مختلف اداروں کے نادہندہ قومی ادارے پی آئی اے کو ناقص حکمت عملی کے باعث آٹھ ماہ میں مجموعی طور پر35ارب 34 کروڑ سے زائد نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔پی آئی اے کی موجودہ انتظامیہ نے اگست2017 میں ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور دعوے کیے تھے کہ ادارے کو نقصان سے نکالیں گے، موجودہ انتظامیہ کی ناتجربے کاری کے باعث ادارے کے خسارے کی اڑان میں مزید اضافہ ہوا۔اس حوالے ذرائع نے بتایا
کہ پی آئی اے کو ستمبر2017میں دو ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا، اکتوبر میں نقصان کا اضافہ ہوکر چار ارب روپے سے تجاوز کرگیا، نومبر میں خسارہ چار ارب 51 کروڑ روپے سے زائد رہا۔دسمبر میں خسارہ 5 ارب روپے سے زائد ہوگیا، جنوری 2018 میں خسارہ 4ارب 25 کروڑ سے زائد رہا، فروری میں 4 ارب 63 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، مارچ کا مہینہ بھی پی آئی اے کیلئے نقصان کا باعث رہا،6 ارب 16کروڑ کا نقصان ہوا، اپریل میں پی آئی اے کو 4ارب سے زائد کا نقصان ہوا۔