شارجہ(این این آئی)متحدہ عرب امارات میں بھیک گینگ چلانے والے چار پاکستانیوں کو ایک سال قید کی سزا سنادی گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شارجہ میں بھیک مانگنے والے پاکستانیوں کا ایک گروہ پکڑا گیا ہے جو مختلف ریاستوں میں بھیک مانگتے تھے، شارجہ پولیس نے بتایا کہ گروہ کے 35 فقیروں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں 12 معذور ہیں، ان افراد کو مختلف اوقات میں پاکستان سے خلیجی ریاستوں میں بھیک مشن پر لایا گیا تھا۔
بھیک گینگ کو پاکستان سے جانے والے چار افراد چلا رہے تھے۔ گداگر گروہ کے 4 سرغنوں کو عدالت نے ایک ایک سال قید کی سزا سنائی ہے ٗ ایک مجرم کو ایک لاکھ درہم جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔ان مجرمان کے خلاف اپریل میں انسانی اسمگلنگ کے الزامات کی تفتیش شروع کی گئی تھی اور اب شارجہ کی فوجداری عدالت نے انہیں سزا سنائی ہے۔ سزا کاٹنے کے بعد چاروں پاکستانیوں کو ملک بدر کردیا جائے گا۔