فیصل آباد(آن لائن) 2018ء کے متوقع انتخابات کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے لئے کمیٹیاں تشکیل دیدیں اور رمضان کے بعدملک گیر بھر پور انتخابی مہم جلسے کرنے کا اعلان، جبکہ فیصل آباد ڈویژن کیلئے وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک کی سر براہی میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے
دیگر بطور ممبران میں وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ‘ صو بائی وزراء خواجہ عمران نذیر‘ منشاء اللہ بٹ ‘شاہکوٹ سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے رانا ارشد اور ایم پی اے غزالی سلیم بٹ شامل ہیں‘ آن لائن کو مطابق یہ کمیٹی فیصل آباد کے ساتھ ساتھ جھنگ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے امید واروں کے بھی انٹر ویو کرے گی اور ان میں سے موزوں امید واروں کے نام پارٹی صدر میاں شہباز شریف کو پیش کئے جائیں گے جو سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی مشاورت سے ان ناموں میں سے پارٹی پالیسی پر پورا اترنے والے امید واروں کو ٹکٹ جاری کریں گے‘ واضح رہے کہ فیصل آباد ڈویژن کے لئے بنائی جانے والی کمیٹی میں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے کسی بھی وزیر‘ مشیر اور سیاسی رہنما کا نام شامل نہیں کیا گیا‘ اس حوالے سے پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گروپ بندی کی وجہ سے کسی بھی مقامی عہدیدار کو اس بورڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے تاکہ پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر اختلافات سے بچا جا سکے ۔ علاوہ ازیں رمضان المبارک کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمدنواز شریف نے ملک گیر انتخابی جلسے کرنے کا بھی اعلان کردیا ہے جسے پارٹی امیدواروں کو کامیاب کروانے کیلئے انتخابی مہم قرار دیاجائے گا