بیجنگ (آ ئی این پی ) چین کے وزیر پبلک سیکورٹی نے کہا ہے کہ چین شنگھائی تعاون تنظیم کے ڈھانچے کے تحت پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا ، قومی حدود سے ماورا جرائم کی روک تھام ، دہشت گردی کی حوصلہ شکنی ، اور سی پیک کی سیکورٹی سمیت دیگر شعبوں میں ٹھوس تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے، پاکستان کے ساتھ روایتی دوستی کو مضبوط بنانا اور چین ، پاک اسٹرٹیجک تعاون
کو آگے بڑھانا چاہتا ہے جبکہ ناصر خان جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ سیکورٹی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی کوشش کرے گا۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کے وزیر برائے تحفظِ عامہ(پبلک سیکورٹی)جیاو کہ جھی نے بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی سیکیورٹی کانفرنس کے سیکر ٹریز کے تیرہویں اجلاس میں شریک مشیر قومی سلامتی ک ناصر خان جنجوعہ اور بھارت کے ڈپٹی نیشنل سیکورٹی مشیر راجندر کھنہ سمیت دیگر شرکا سے الگ الگ ملاقات کی۔ جیاو کہ چھی نے ناصر خان جنجوعہ سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چین شنگھائی تعاون تنظیم کے ڈھانچے کے تحت پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا ، قومی حدود سے ماورا جرائم کی روک تھام ، دہشت گردی کی حوصلہ شکنی ، اور چین پاک اقتصادی راہداری کی تعمیر کی سیکورٹی سمیت دیگر شعبوں میں ٹھوس تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے، تاکہ بیرون ملک اپنے شہریوں کی سکیورٹی کی حقیقی طور پر ضمانت دی جاسکے۔ چین پاکستان کے ساتھ روایتی دوستی کو مضبوط بنانا اور چین- پاک اسٹرٹیجک تعاون کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ ادھر ناصر خان جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ سیکورٹی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی کوشش کرے گا تا کہ چین پاک اقتصادی راہداری کی تعمیر کو کامیابی سے فروغ دیا جاسکے۔