اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تعلیم کے فروغ کے لئے ہمہ وقت تعاون کو تیار ہیں‘ کوئی ملک تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا‘ اساتذہ کی تربیت اور نصابی اصلاحات ضروری ہیں‘ معیاری تعلیم کا حصول لازم ہے‘ تعلیم کے شعبے میں نجی شعبے کا کردار اہم ہے۔ پیر کو درستی کتب کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نصاب پر نظر ثانی وقت کی ضرورت ہے۔
نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ اٹھارویں ترمیم کے بعد تعلیم صوبوں کی ذمہ داری ہے تعلیم کے شعبے کی قیادت وفاق کو ہی کرنا ہوتی ہے تعلیم کے فروغ کے لئے ہمہ وقت تعاون کو تیار ہیں۔ کوئی ملک تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ ترقی یافتہ ممالک نے تعلیم کے بل پر ہی ترقی کی۔ اساتذہ کی تربیت اور نصابی اصلاحات ضروری ہیں۔ حکومت پانچ ہزار فی بچہ ماہانہ خرچ کرکے نتائج حاصل کرپارہی ہے معیاری تعلیم کے حصول لازم ہے۔ صوبوں کے ساتھ مل کر تعلیم کو معیاری بنا رہے ہیں۔ تعلیم کے شعبے میں نجی شعبے کا کردار اہم ہے حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ صوبے بھی تعلیم کے فروغ کے لئے کردار نبھائیں۔ سو فیصد بچوں کا سکول داخلہ ہمارا ہدف ہے۔ صوبوں کے لئے قابل تقلید مثال بننا چاہتے ہیں۔ سیاست میں آیا تو کابینہ میں چند لوگ گریجویٹ تھے آج کابینہ میں متعدد پی ایچ ڈی حضرات بھی ہیں۔