اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانیوں کیلئے شاندار خوشخبری، متحدہ عرب امارات نے اہلخانہ سمیت پاکستانیوں کیلئے 10سالہ رہائشی ویزہ دینے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے سرمایہ کاروں اور مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے افراد اور ان کے اہلخانہ کے لیے 10 سالہ رہائشی ویزا کی منظوری دے دی۔متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم و نائب صدر
شیخ محمد بن راشد المکتوم کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس کے دوران نئی ویزا پالیسی کی منظوری دی گئی۔نئی پالیسی کے تحت ملک میں سرمایہ کاروں، ڈاکٹروں، انجینئروں، سائنسدانوں اور محقیق سمیت مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے افراد کے لیے 10 سالہ رہائشی ویزا جاری کیا جائے گا۔اماراتی حکومت کے اس فیصلے کی روشنی میں سرمایہ کار اپنی کمپنی کے 100 فیصد خود مالک ہوں گے جب کہ اس سے قبل سرمایہ کاروں کو یو اے ای میں سرمایہ کاری کی صورت میں 49 فیصد حق ملکیت ملتا تھا۔فیصلے کی روشنی میں متحدہ عرب امارات میں تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے آنے والے غیرملکی طلبا کو 5 سالہ رہائشی ویزہ بھی جاری کیا جائے گا۔ غیرمعمولی صلاحیت کے حامل طلبا کے لیے 10 سالہ رہائشی ویزہ جاری کیا جائے گا۔متحدہ عرب امارات کے نائب صدر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رواں سال کے اختتام پر کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کیا جائے۔