اسلام آباد(آئی این پی) اصغر خان کیس میں مرزا اسلم بیگ اور آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درنی کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت دیگر کی طلبی کا فیصلہ پیر کو کیا جائے گا۔نجی ٹی وی کے مطابق اصغر خان کیس میں احسان صادق کی سربراہی میں کمیٹی تحقیقات کو آگے بڑھانے کے لیے طریقہ کار پر خصوصی پیپرز لکھ رہی ہے جسے سٹریٹجک دستاویز کا نام دیا گیا۔ اسٹریٹجک پیپر میں انکوائری کو حتمی نتیجے پر پہنچانے کے لیے طریقہ کار تحریر ہوگا جب کہ نامزد
ملزم سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت دیگر کی طلبی کا فیصلہ 21 مئی کو کیا جائے گا۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ ہفتے اپنے فیصلے میں حکومت کو اصغر خان کیس پر عملدرآمد کا حکم دیا تھا اور کہا تھا کہ وفاقی حکومت اور ایف آئی اے کیس کے فیصلے کی روشنی میں قانون کے مطابق کارروائی کریں۔اصغر خان کیس میں نامزد سابق آرمی چیف جنرل(ر) مرزا اسلم بیگ اور آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی 16 مئی کو ایف آئی اے کی تحقیقاتی کمیٹی سامنے پیش ہوئے۔