تہران(آئی این پی)غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران نے کہا ہے کہ مغربی طاقتوں پر تہران کے جوہری پروگرام پر کیے گئے معاہدے کو برقرار رکھنے کا اعتبار نہیں۔اگر معاہدہ قائم رکھنا ہے تو مغرب کو اس کی ضمانت دینا ہوگی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ ان کا ملک روس کے ساتھ مل کر جوہری پروگرام پر معاہدے کے حوالے سے جامع حکمت عملی تیار کررہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت ایرانی عوام کو دی گئی مراعات واپس لی گئیں تو
معاہدہ آگے نہیں چل سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی معاہدے سے علاحدگی کے بعد ہم عالمی طاقتوں سے معاہدے کو برقرار رکھنے کے لیے ضمانتوں کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔ دریں اثنا ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکا کی سامنے نہیں جھکے گا اور نہ ہی ہم پابندیوں اور جنگ کی دھمکیوں کے دبا میں آئیں گے۔ ادھر ایرانی رہبر اعلی خامنہ ای کے مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ ان کا ملک جوہری معاہدے پر نئے مذاکرات کرے گا نہ میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتا ہوگا۔