اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر خارجہ کو عوامی دفتر رکھنے سے نا اہل قرار دیئے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے اپنی توجہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء، وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اور وزیر داخلہ احسن اقبال پر مرکوز کرلی اور اس سلسلے میں احسن اقبال کے خلاف تحریک چلانے کا فیصلہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد میں ہونے والے پارٹی اجلاس کے دوران خود کیا۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ احسن اقبال نے خود اعتراف کیا تھا کہ ان کے پاس اقامہ تھا ٗجو ان کے مطابق منسوخ کردیا گیا تھا، اور انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اقامہ ملازمت کی وجہ سے حاصل نہیں کیا گیا تھا تاہم اقامہ تو صرف ملازمت پر ہی جاری کیے جاتے ہیں اس لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ان کا اقامہ چیلنج کریں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ معاملہ صرف اتنا ہے کہ قانون کے مطابق جو بھی انتخابات میں حصہ لے گا اپنے بارے میں تمام حقائق کو سامنے لانا اس پر لازم ہے تاکہ ووٹر اپنے امیدوار کے بارے میں پوری طرح سے واقف ہوں تاہم انہوں نے اپنا اقامہ چھپایا تھا۔