لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و وفاقی وزیر محمد پرویز ملک اور صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ عوامی خدمت کی روش لیگی حکومت نے ہی ڈالی جو کہ دیگر سیاستدانوں کے لئے ایک نمونہ ہے،مسلم لیگ (ن) نے عوام کی فلاح و بہبود کے ترقیاتی ایجنڈے کو پورا کرنے کے لیے شب و روز محنت کی،ترقیاتی ایجنڈا کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرارکان اسمبلی غزالی سلیم بٹ،چوہدری شہباز، سید توصیف شاہ،عامر خان،جاوید اقبال ،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے 11 نکات کے مقابلے میں 11 ہزار ترقیاتی منصوبے پیش کریں گے، ہمارے سیاسی مخالفین نے اپنے صوبے کے عوام کو صرف دکھ دئیے ہیں اور ان کے دلوں پر مایوسی اور بدترین کارکردگی کے نشتر برسائے ہیں،کے پی کے میں بربادی کی داستانیں چھوڑ کر لاہور میں جلسہ کیا اور قوم کو نئے خواب دکھانے کی کوشش کی۔ قوم دھوکہ دینے سیاستدانوں کے جھوٹ اور دھوکے میں نہیں آئے گی،ان کی ناقص کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ میری مخالفین سے درخواست ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لیں۔ یہاں آئیں ہم آپ کو عوام کی خدمت کے گر بتائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث ملک ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکا،بجلی منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان سے ہمیشہ کیلئے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہونے کو ہے۔ توانائی بحران کے خاتمے سے پاکستان معاشی طورپر مضبوط ہوگا اورملک سے غربت، جہالت اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا،مسلم لیگ (ن) حکومت کی توانائی بحران کے خاتمے کیلئے مخلصانہ کاوشیں رنگ لائی ہیں اور ہزاروں میگاواٹ توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان اندھیروں سے نکل کر روشنیوں میں آ گیا۔