لاہور( این این آئی )وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریو نیو ایمنسٹی سکیم کے ذریعے ٹیکس کی وصولی کا ہدف حاصل کرلے گا،پی آئی اے، پاکستان سٹیل ملز اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں جیسے غیر منافع بخش اداروں کی نجکاری کرنے کی ضرورت ہے،قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈکا ازسرنو جائزہ لینے کی ضرورت ہے ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا ہے جس میں تمام شعبوں اور
طبقات کی مشکلا ت کو مد نظر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، ہاؤس رینٹ اور رریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں اضافے سمیت زرعی مصنوعات پر ٹیکسوں میں کمی کے ذریعے عوام کو سہولت فراہم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی کے بغیر ملکی معیشت میں بہتری نہیں لائی جاسکتی اسی لئے زرعی لوازمات کے حوالے سے خصوصی اعلانات کئے گئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ برآمدات کیلئے مراعاتی پیکیج کا جلد اعلان کیاجائے گا۔