کراچی (این این آئی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی ہمشیرہ اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے ڈیفنس پی ایس 113پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے صدر غلام محمد بنگلانی کی جانب سے منعقدہ استقبالیے میں پہلی مرتبہ ہولوگرام ٹیکنالوجی کے ذریعے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کے میدان میں بھی آنے والا وقت نوجوانوں کا ہے بہت سے نوجوان جو کراچی کی حمایت کرنے کے دعویدار ہیں وہ دیکھ لیں کہ کراچی کی یوتھ بلاول اور آصف زرداری کے ساتھ ہے
انھوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بلاول میں اپنا مستقبل دیکھ رہے ہیں آج کے اجتماع میں اتنی بڑی تعداد میں رہنماؤں، کارکنوں اور بالخصوص نوجوانوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ نہ صرف ڈیفنس کلفٹن بلکہ کراچی بھر کے عوام نے پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے اور آئندہ عام انتخابات میں وہ پیپلز پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے، آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ لیاقت آباد میں پیپلز پارٹی کا جلسہ تاریخی ہوگا اور یہ جلسہ ثابت کردے گا کہ کراچی پیپلز پارٹی کے جیالوں کا شہر ہے آصفہ بھٹو کے سیاسی کیریئر کے پہلے خطاب کے موقع پر میزبان پی ایس 113 ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے صدر غلام محمد بنگلانی کے علاوہ صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جاوید ناگوری ، ساؤتھ کی انفارمیشن سیکریٹری سعدیہ جاوید ،ناز بلوچ، خلیل، کرم اللہ وقاص ، پی ایس 112 کے صدر اکبر لاکھو کے علاوہ دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ غلام محمد بنگلانی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ کراچی والے اب اپنے ہمدردوں کو پہچان گئے ہیں انھیں معلوم ہوگیا ہے کہ صرف پیپلز پارٹی ہی ان کے مسائل حل کرسکتی ہے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جیالے الیکشن لڑنے کے لیے متحد ہیں غلام محمد بنگلانی نے کہا کہ ہمارے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز ہمارے حلقے سے کیا ہے ہم اپنے رہنماؤں کو کبھی مایوس نہیں کریں گے اور الیکشن میں تاریخی کامیابی حاصل کرکے بتادیں گے کہ ہم بھٹو کے ماننے والے ہیں