لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و وفاقی وزیر محمد پرویز ملک اور صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کل بھی عوام کے دلوں میں بستی تھی اور آئندہ بھی عوام کے دلوں پر راج کریگی،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بلاامتیاز عوام کی خدمت کی ہے،عوام کی خدمت خالی نعروں سے نہیں ہوتی ۔
نام نہاد تبدیلی کے دعویدار صرف کھوکھلے دعوے کرتے رہے، عملی طور پر کچھ نہیں کیا اور آج ان کی حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کی پروا کئے بغیر پاکستان کی ترقی کیلئے آگے بڑھتے رہیں گے، 22 کروڑ عوام عام انتخابات میں ان عناصر کی جھوٹ، منفی اورانتشار کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیں گے،2018ء کے عام انتخابات میں محنت، امانت، دیانت اور عوامی خدمت کی سیاست کی جیت ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرارکان اسمبلی مہر اشتیاق، سینیٹر ڈاکٹر اسد اشرف،ڈاپٹی مئر نذیر خان سواتی میاں طارق،عامر خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعت سے اس کا سربراہ جینے کا حق چھین لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی خالق نے پارلیمنٹ کے بتائے ہوئے قانون کو ختم کر دیا۔ ماضی میں سیاسی جماعتوں سے ان کی قیادت چھیننے کی کوشش کی گئی۔ اس کوششیں کامیاب نہیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت کسی عہدے کی محتاج نہیں، پارلیمنٹ کے فیصلوں کی بھی کوئی توقیر ہونی چاہیے، پارلیمنٹ میں سب کو اس معاملے پر سو جوڑ کر بیٹھنا چاہیے۔