اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)جیواورجنگ کے ملازمین کوتنخواہوں کی عدم ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت ، میر شکیل بیمار ہیں تو انہیں سٹریچر پر عدالت لایا جائے، نجی ٹی وی اور اخبار کے مالک کی عدم حاضری پر اظہار برہمی، چیف جسٹس نے حکم جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جیواورجنگ کے ملازمین کوتنخواہوں کی عدم ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت میں طلب کئے جانے کے باوجود نجی ٹی وی اور اخبار کے مالک میر شکیل الرحمن کی عدم حاضری پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وکیل جیو نیوز سے استفسار کیا کہ میر شکیل الرحمان کہاں وہ پیش کیوں نہیں ہو رہے ؟جس پر وکیل جیوز نے بتایا کہ میرشکیل کے بیٹے میر ابراہیم موجود ہیں جو سی ای او ہیں۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کون ہیں؟۔اس پر جیو ٹی وی کے سی ای او نے جواب دیا کہ میرانام میر ابراہیم ہے ،چیف جسٹس نے کہا کہ میں آپ کو نہیں جانتا ۔نمائندہ جیو ٹی وی نے بتایا کہ میر شکیل بیمار ہیں،اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ میر شکیل بیمار ہیں تو انہیں سٹریچر پر عدالت لایا جائے ۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میر شکیل کا تکبر اتنا ہے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوتے،میر شکیل نے عدالت کے باہر کہا عدالتی آرڈر بے ہودہ ہے۔ان کی وجہ سےتیسری مرتبہ سماعت ملتوی کی جا رہی ہے ،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ میر شکیل پیش ہو کر وضاحت کریں کیوں سٹاف کو تنخواہ نہیں دی،عدالت نے میر شکیل کو پیر کو دوبارہ طلب کر لیاہے۔واضح رہے کہ جیو نیوز کے معروف صحافی حامد میر کی شکایت پر چیف جسٹس نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر اس سے قبل بھی میر شکیل الرحمان کو عدالت میں طلب کیا تھا تاہم وہ عدالت میں پیش نہ ہوئے۔