اسلام آباد(آن لائن)قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں سب سے زیادہ خشک دودھ بھارت سے آ رہا ہے،جبکہ بیرون ممالک سے درآمد کیے جانے والا 30 فیصد دودھ ناقابل ہضم ہے۔ چیئرمین عبدالقہار خان کی صدارت میں اجلاس ہوا،جس میں لائیو اسٹاک اور ڈیری ڈیولپمنٹ کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا،سیکریٹری لائیواسٹاک پنجاب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ گزشتہ دس سال میں ہماری گوشت کی برآمدات
منفی ہیں۔سیکریٹری لائیو اسٹاک پنجاب نے یو این کام ٹریڈ کی رپورٹ کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں سب سے زیادہ خشک دودھ بھارت سے آ رہا ہے،بلوچستان میں لائیو اسٹاک کے 600 ڈاکٹرز بیروزگار ہیں،ہم سی پیک کے لیے آنیوالے چینی باشندوں کو حلال فوڈ مہیا کریں گے،پنجاب میں زراعت کا مستقبل نہیں،ہم نے کانگو جیسے مسئلے پر 100فیصد قابو پایا ہوا ہے۔اجلاس مین وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے کہاکہ میری تین سال فصل نہیں ہوئی،خرچہ جانور بیچ کر پورا کیا۔