اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور میں ایف بی آر کی بلڈنگ میں پراسرار آتشزدگی، احد چیمہ، خواجہ سعد رفیق ، شریف فیملی کی شوگر ملوں سمیت کئی اہم کیسز کا ریکارڈ جل جانے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں واقع ایف بی آر بلڈنگ میں پراسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی ، آگ عمارت کی پانچویں منزل پر لگی جہاں کارپوریٹ ریجنل ٹیکس کا دفتر ہے ۔ کارپوریٹ ریجنل ٹیکس کا دفتر سیاست دانوں ، بڑے صنعت کاروں ، شوگر ملز، ایل ڈی اے ، ہاؤسنگ سوسائٹیز سمیت تمام بڑی
کمپنیوں کے ٹیکس معاملات کو ڈیل کرتا ہے ۔ نیب نے احد چیمہ، خواجہ سعد رفیق ، شریف فیملی کی شوگر ملوں سمیت کئی اہم کیسز میں اس کارپوریٹ ریجنل ٹیکس یونٹ سے ریکارڈ طلب کر رکھا ہے ۔ ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق دفتر میں نیب کو ریکارڈ کی فراہمی کے حوالے سے کام جاری تھا ۔ فائر بریگیڈ نے تقریباً دوگھنٹے کے بعد آگ پر قابو پالیا ۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق آگ یوپی ایس میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ۔ ایف بی آر افسروں کی جانب سے آگ میں جل جانے والے ریکارڈ کے حوالے سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی ۔