لاہور ( این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر جڑانوالہ میں بچوں سے زیادتی کے واقعات کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم عبدالجبار شاہین انکوائری کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ ریجنل پولیس آفیسر شیخوپورہ ذوالفقار حمید، پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ماہر اور ایک پولیس آفیسر کمیٹی کے
ممبر ہوں گے۔ انکوائری کمیٹی زیادتی کا نشانہ بننے والے بچوں کے اعداد و شمار اکٹھے کرے گی اور ان واقعات میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرے گی۔کمیٹی علاقے کی پولیس کی جانب سے غفلت یا کوتاہی کا تعین کرے گی اور اس ضمن میں کارروائی کی سفارش کرے گی۔ انکوائری کمیٹی جامع تحقیقات کرکے 3 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔