خضدار(این این آئی)الیکشن کمیشن کی حلقہ بندیا ں صوبائی بارڈر کراس کرگئیں، ایک صوبے کو دوسرے صوبے کاحصہ بناڈالا، جنرل الیکشن میں بلوچستان کے ووٹرز سندھ کے امیدوارو کو ووٹ دیں گے،الیکشن کمیشن کے انوکھے کارناموں نے قوم کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا،تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے جہاں حلقہ بندیوں
میں طویل ترین حلقے کا قیام عمل میں لاکر عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچایا ہے تو وہی اس نے انوکھا کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے ایک صوبے کو دوسرے صوبے میں شامل کرکے قوم کی سراسیمگی اور حیرانگی میں اضافہ کردیا ہے ،جنرل الیکشن میں بلوچستان کے لوگ اب سندھ کے امیدوار کو ووٹ دیں گے ،ضلع خضدار کے یونین کونسل سن چکو کا علاقہ( ڈھاڈارو )اور (کتے جی قبر)جو کہ قیام پاکستان سے بلوچستان کے علاقے ہیں اور یہاں کا ووٹر بھی بلوچستان کے ضلع خضدار میں ہی ووٹ ڈالتے آئے ہیں ، اس علاقے کاایف آئی آر ، ریونیو ریکارڈ بلوچستان کے ساتھ ہے ، یہاں عوامی نمائندوں نے بلوچستان کے فنڈ ز سے اسکیمات بھی فراہم کرتے آئے ہیں ، تاریخی حوالے سے یہ علاقے بلوچستان کاحصہ شمارے کیئے جاتے ہیں، تاہم اب الیکشن کمیشن نے پورے ملک کی حیرانگی میں اضافہ کرتے ہوئے بلوچستان کے عوام کو جنرل الیکشن میں صوبہ سندھ کا ووٹر بنا ڈالا ہے ، اور نئی حلقہ بندیوں میں یونین کونسل سن چکو کے ان علاقوں کو سندھ کے ساتھ منسلک کرکے بلوچستان کے عوام کو تعجب میں مبتلا کردیا ہے ،الیکشن کمیشن کے اس فیصلے پر عوامی احتجاج بھر پور انداز میں جاری ہیں ۔