اسلام آباد (نیوزڈیسک)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائنل کا پاکستان میں انعقاد بھارت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ اتوار کو چیئرمین سینیٹ پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کے لیے نیشنل پریس کلب آئے اور انہوں نے میچ کے ابتدائی اوورز بھی دیکھے۔نیشنل پریس کلب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ میر صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ دنیا دیکھ لے کہ پاکستان کتنا پْر امن ملک ہے۔چیئرمین سینیٹ نے پی ایس ایل فائنل کے کراچی میں انعقاد کو بھارت کے
منہ پر طمانچہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو پاکستان کو دہشتگرد کہتے تھے دیکھ لیں پاکستانی کتنے عظیم لوگ ہیں۔صادق سنجرانی نے کہا کہ وفاق پاکستان کی علامت کی حیثیت سے میری ہمدردیاں پاکستان کیساتھ ہیں، جو ٹیم بھی جیتے گی پاکستان ہی جیتے گا اور پوری قوم مل کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں کسی سیاسی جماعت کے پرچم لے جانے پر پابندی اچھا اقدام ہے، اسٹیڈیم میں صرف پاکستان کا پرچم اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ گونج رہا ہے۔