کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے مریم نواز کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے حالات بگاڑنے میں آپ کے ابا حضور کا بھی ہاتھ تھا۔تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پی ایس ایل ٗشکریہ نوازشریف ٗزرداری کی حکومت بھی یہ نہ کرسکی۔ مریم نواز کے بیان پر پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے حالات بگاڑنے میں آپ کے ابا حضور کا بھی ہاتھ تھا،
دہشت گردوں کو آپ کے ابا حضور اپنا بھائی کہتے تھے۔پی پی رہنما نے کہا کہ سوات آپریشن سے متعلق نواز شریف کا بیانیہ ریکارڈ پر ہے، کیا پتا کل مریم نواز یہ کہے کہ قرارداد پاکستان نواز شریف نے لکھی تھی، شکر ہے امن ہے ،کھیل کے میدان آباد ہیں۔واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہاکہ کراچی میں جہاں ہڑتال ہوتی تھی اب انٹرنیشنل کرکٹ لوٹ آئی ہے۔ اپنے ایک ٹویٹر بیان میں مریم نواز نے کہاکہکراچی میں جہاں ہڑتال ہوتی تھی اب انٹرنیشنل کرکٹ لوٹ آئی ہے، شکریہ نواز شریف،آصف زرداری کی حکومت بھی یہ کام نہ کرسکی۔دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ سینٹ انتخاب کو متنازعہ بنانے والے جمہوریت کے خیر خواہ نہیں، ووٹ کے تقدس کی بات کرنے والے خود ووٹ کو رسوا کر رہے ہیں،لیگی اپنی ذات سے نکل کر اجتماعی سوچ کو فروغ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومتی حواریوں کی طرف سے سینٹ انتخاب کو متنازعہ بنانے کے بیانات پر ردِ عمل دیتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ سینٹ کا انتخاب جمہوری طریقے سے ہوا نمائندوں نے اپنے ووٹ کو عزت دی اور اپنی مرضی سے حق رائے دہی کا استعمال کیا ن لیگ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے سینٹ انتخاب پر بے جا تنقید کر رہا ہے جس سے اُن کی جمہوریت پسندی کا ٹنڈورا عوام کے سامنے آشکار ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت کے استحکام پر ایمان رکھتی ہے جمہوریت سے ہی ملک و قوم ترقی کرے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت کے خلاف ہونے والی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔