اسلام آباد (آئی این پی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اب ہارس ٹریڈنگ کے خلاف چیخ و پکار کررہے ہیں‘ ہم نے سینٹ الیکشن کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کی تجویز دی تھی‘ میرا وزیراعظم سے سوال ہے کہ پاناما فیصلہ ملکی ترقی میں کیسے رکاوٹ بن گیا؟ سالانہ دس ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ پاکستان کو تباہ کررہی ہے۔
اتوار کو عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنی ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم اب ہارس ٹریڈنگ کے خلاف چیخ و پکار کررہے ہیں کہا جارہا ہے کہ سینٹ الیکشن میں پیسے کا استعمال ہوا۔ حکمران جماعت کو اتنی فکر تھی تو ہماری تجویز کی حمایت کیوں نہیں کی؟ ہم نے سینٹ الیکشن کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کی تجویز دی تھی۔ ہماری تجویز کا مقصد سینٹ الیکشن میں غلط طریقہ کار کو روکنا تھا۔ میرے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے سوال ہیں پانامہ کیس کا فیصلہ کیسے ملکی ترقی میں رکاوٹ بن گیا جبکہ نواز شریف کو منی لانڈرنگ کرنے پر سزا سنائی گئی۔ کیا وزیراعظم کا یہ خیال ہے خیالی ترقیاتی کام کروانے کی وجہ سے منی لانڈرنڈرر قانون سے بالاتر ہوتا ہے کیا دس ارب ڈالر کی سالانہ منی لانڈرنگ جو پاکستان کو تباہ کررہی ہے بڑا مسئلہ نہیں ہے‘ منی لانڈرنگ پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کررہی ہے۔ اگر وزیراعظم کا اب بھی یہ خیال ہے کہ نوز شریف نے منی لانڈرنگ نہیں کی تو پھر وہ وزیراعظم کے طور پر منی لانڈرنگ روکنے کے لئے کیسے کوئی اقدامات کرسکتے ہیں؟ اگر وزیراعظم کی سوچ یہ ہے کہ نواز شریف منی لانڈرنگ میں ملوث نہیں تو پھر وہ سوچ سے بھی زیادہ بیوقوف ہیں۔ اگر ملک کا وزیراعظم ہی سپریم کورٹ کے فیصلے کو ماننے اور عزت دینے کیلئے تیار نہیں تو پھر ہم دوسروں سے کیسے امید کرسکتے ہیں کہ وہ عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کریں گے۔