کراچی(آئی این پی ) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ اب عوام کی آواز سینیٹ میں گونجے گی،بلوچستان سمیت چھوٹے صوبوں کے مسائل حل کرنے ہیں، شیخ رشید جوچاہیں بولیں،ان کوآئینی وجمہوری حق حاصل ہے۔ اتوار کو سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹرشیری رحمان نے اپنے دورہ کراچی کے دوران مزار قائد پر حاضری دی۔ انہوں نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
اور فاتحہ خوانی کی اور مزار قائد پر موجود مہمانوں کی ڈائری میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔ اس موقع پر پاکستان کے امن و استحکام اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ سینٹ میں اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے پر یہ ان کا پہلا مزار قائد کا دورہ ہے اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کی بڑی تعداد ان کے ہمراہ تھی مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ ہم پاکستان کو مشکل وقت سے نکالنا چاہتے ہیں، بلوچستان سمیت چھوٹے صوبوں کے مسائل حل کرنے ہیں، اب عوام کی آواز سینیٹ الیکشن میں گونجے گی۔ایک سوال کے جواب میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ(ن)لیگ کوپارلیمان یاد آیا۔شیخ رشید سے متعلق سوال پر شیری رحمان نے کہا کہ شیخ رشید جوچاہیں بولیں،ان کوآئینی وجمہوری حق حاصل ہے۔