اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخواہ میں تعلیمی اداروں کی صورتحال سے متعلق خٹک حکومت اور عمران خان کے بلند و بانگ دعوئوں کا پول کھل گیا۔ تحریک انصاف کے رہنما کا اپنے نجی کالج میں طالب علم پر بیہمانہ تشدد، ادھ موا ہونے پر والدین کو اطلاع کر دی، معاملے پر ایکشن لینے کی اپیل پر متاثرہ طالب علم اور اہل خانہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں۔ تفصیلات کے مطابق
خیبرپختونخواہ میں تعلیمی اداروں کی صورتحال سے متعلق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بلند و بانگ دعوئوں کی قلعی کھل کر سامنے آگئی ہے ۔ ہزار ڈویژن کے علاقے حویلیاں میں تحریک انصاف کے رہنما نے اپنے نجی کالج میں زیر تعلیم طالب علم پر بیہمانہ تشدد کی حد کر دی ۔ طالب علم کو کمرے میں بند کر کے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ طالب علم کی حالت غیر ہونے پر سکول انتظامیہ نے والدین کو اطلاع دی جس پر والدین کالج پہنچے اور طالب علم کو اپنے ساتھ لے گئے۔ طالب علم سعد اللہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ کالج میں کسی طالب علم نے پٹاخے بجائے۔سکول کے مالک اورتحریک انصاف کے رہنماء سکندراعظم نے معاملہ کی تحقیق کے بغیر کالج کے پی ٹی آئی کی مدد سے اسے کمرے میں بند کیا اوربدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔تشدد کے باعث وہ بے ہوش ہوا جس پر کالج انتظامیہ نے اس کے والدین کو اطلاع کی۔متاثرہ طالب علم کے مطابق نجی سکول کے مالکان بااثر ہیں اوروہ اسے سالانہ امتحانات میں شرکت سے روکنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔متاثرہ طالب علم اوراس کے والد نے صوبائی وزیرتعلیم اورچیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ نجی کالج کی رجسٹریشن فوری منسوخ کرکے کالج کے مالک کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔