اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)یوم پاکستان کی پریڈ پر سپیشل سروسز گروپ کا فری فال کا شاندار مظاہرہ، دیکھنے والے مبہوت رہ گئے، ایس ایس جی کے سربراہ میجر جنرل طاہر مسعود بھٹہ جمپر کی قیادت کرتے ہوئے پیراشوٹ سے پریڈ گرائونڈ میں اترے۔ تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کے موقع پر اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گرائونڈ میں پاکستان کی
مسلح افواج کے فخر ایس ایس جی کمانڈوز نے فری فال کا شاندار مظاہرہ پیش کیا ہے۔ اس سال یوم پاکستان کی مشترکہ پریڈ کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کے سپیشل سروسز گروپس کے ساتھ اردن کی سپیشل سروسز کے کمانڈوز بھی فری فال میں شریک تھے۔ فری فال جمپرز کی قیادت اس سال ایس ایس جی کے سربراہ میجر جنرل طاہر مسعود بھٹہ نے کی ۔ میجر جنرل طاہر مسعود بھٹہ نے دیگر جمپر ز کے ہمراہ پیراشوٹ کے ذریعے چھلانگ لگائی اور عین سلامی کے چبوترے کے سامنے اترے۔ یوم پاکستان کی اس خصوصی تقریب میں شریک افراد میجر جنرل طاہر مسعود بھٹہ کی شاندار لینڈنگ پر بے ساختہ کرسیوں سے کھڑے ہوگئے اور ایس ایس جی کمانڈوز کی مہارت اور دلیری پر انہیں کھل کر داد دی۔ صدر مملکت اس موقع پر خصوصی طور پر سلامی کے چبوترے سے اتر کر ایس ایس جی کے کمانڈوز کے پاس گئے جہاں انہیں پاکستانی پرچم کے ساتھ اردن کے سپیشل سروسز گروپ کی جانب سے اردن کا قومی پرچم پیش کیا گیا جسے صدر مملکت نے چوم کر سٹاف کے حوالے کر دیا۔ ایس ایس جی کے بریگیڈئیر عاطف رحمانی نے اس موقع پر صدر مملکت کا تعارف ایس ایس ایس جی کے فری فال کا مظاہرہ کرنے والے کمانڈوز سے کرایا جبکہ اردن کے سپیشل سروسز گروپ سے بھی صدر مملکت کا خصوصی تعارف کروایا گیا۔ مسلح افواج کے مشترکہ پریڈ کے اختتام پربرادر
اسلامی ممالک اور دوست ممالک کے دفاعی اتاشیوں اور یوم پاکستان کی خصوصی دعوت پر آئے فوجی افسرا ن کا چیف آف آرمی سٹاف نے صدر مملکت سے سلامی کے چبوترے پر تعارف کروایا۔