اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کی تقرری پر نوازشریف سے بات کیوں کروں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کی تقرری پر نوازشریف سے بات کیوں کروں، نگراں وزیراعظم کے تقرر پر سیاسی جماعتیں بھی آپس میں مشاورت نہیں کرسکتیں، اس کیلئے اچھے اور بہتر آدمی کا نام کوئی بھی دے سکتا ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نوازشریف کے مستقبل کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔شیخ رشید کی جانب سے جوڈیشل مارشل لاء کے مطالبے پر خورشید شاہ نے کہا کہ مارشل لاء لفظ سے پیار کرنے والا اور اس دور کا حصہ رہنے والا ہی جوڈیشل مارشل لاء کی بات کرسکتا ہے۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ جوڈیشل مارشل لاء غیرآئینی ہوگا، آئین میں سب واضح ہے ٗاس سے آگے کوئی نہیں جا سکتا۔