اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈی سی گوجرنوالہ کی پھندا لگی لاش آج ڈی سی ہائوس گوجرنوالہ سے برآمد ہوئی ہے۔ کمشنر گوجرنوالہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر گوجرنوالہ سہیل احمد ٹیپو نے خودکشی کی ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ سہیل احمد ٹیپو کی لاش چھت پر لگے پنکھے کے ساتھ باندھے گئے پھندے کے ساتھ لٹکی ہوئی تھی تاہم ان کے دونوں ہاتھ پیچھے کی جانب بندھے ہوئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سہیل ٹیپو کی موت خودکشی تھی یا قتل اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں پہلوئوں سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سہیل احمد ٹیپو کے سکیورٹی گارڈ کا بھی بیان اب سامنے آیا ہے جس کا کہنا ہے کہ سہیل ٹیپو ساری رات جاگتے رہے اور صبح فجر کی نماز کے بعد اپنے کمرے میں گئے۔ سہیل ٹیپو نے پندرہ دن کی چھُٹی کی درخواست دے رکھی تھی۔ سہیل ٹیپو عارف والا کے رہائشی تھے اور چار ماہ قبل ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ تعینات ہوئے،وہ اپنی والدہ کے ساتھ ڈی سی ہاؤس میں رہائش پذیر تھے، ان کی تین بیٹیاں اور ایک بیٹا لاہور میں مقیم ہے۔ سہیل ٹیپو دو سال ایڈشنل سیکرٹڑی فنانس کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔