لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پی آئی اے ،سٹیل مل جیسے اداروں کی نجکاری کسی صورت بھی قبول نہیں ،پیپلز پارٹی اور (ن)لیگ نے ادارو ں کو مضبوط کرنے کے بجائے تباہ کیا ہے ، تحریک انصاف حکومت کو معاشی قتل کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دے گی ۔ اپنے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ،پی آئی اے اور نجکاری کے حوالے سے حکومتی بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے ۔
اگر حکومت باز نہ آئی تو پی ٹی آئی مزدوروں کے ساتھ ملکر شدید احتجاج کرے گی ۔ غریبوں کی خدمت کرنے کے دعوے کرنے والی مزدور دشمنی پالیسی پر اتر آئی ہے جو قابل مذمت ہے ، تحریک انصاف کا مئوقف پہلے دن سے واضح ہے کہ اداروں کو مضبوط کیا جائے اور سیاسی مداخلت کی جائے ، ادارے اپنا فیصلہ خود کریں ، سٹیل مل اور پی آئی اے پاکستان کی شناخت ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اقتدار میں آ کر مزدورں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے گی اور تمام مزدور پالیسیوں کا خاتمہ کرے گی ، تحریک انصاف پسے ہوئے طبقات کی نمائندہ جماعت ہے اسی لیے ، پی ٹی آئی مزدور طبقے کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، مزدور طبقہ حکومت کی عوام دشمن پالسیوں کے خلاف اٹھ کھڑا ہو ۔