اسلام آباد(این این آئی)تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی کلثوم نواز اور نو منتخب سینیٹر اسحاق ڈار کے حلف نہ لینے پر استعفے کا مطالبہ کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کو خط لکھا ہے ٗ
یہ خط پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے تحریر کیا گیا ہے، خط میں کہا گیاکہ اسحاق ڈار کو عدالت سے اشتہاری ہونے کے باوجود منتخب کرایا گیا ٗایسے اقدامات سے عوام کا جمہوریت پراعتماد مجروح ہوتا ہے۔خط میں کہا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو معلوم تھا کہ کلثوم نواز بیمار ہیں پھر بھی انہیں این اے 120 سے ضمنی انتخاب لڑایا گیا، ہم کلثوم نواز کی صحت کیلئے دعا گو ہیں لیکن کلثوم نواز کے انتخاب سے حلقے کے لاکھوں ووٹرز کا استحقاق مجروح ہوا ہے، ان لاکھوں لوگوں کی نمائندگی کا بھی احساس ہونا چاہئے جو شریف خاندان کی ضد کا ہدف بنے، اس لئے کلثوم نواز اور اسحاق ڈار حلف لیں یا ان سے استعفی لیا جائے۔واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز گزشتہ برس لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 سے منتخب ہوئی تھیں تاہم کئی ماہ گزرنے کے باوجود انہوں نے حلف نہیں اٹھایا جب کہ اسحاق ڈار پاناما کیس میں اشتہاری اور بیرون ملک مقیم ہیں۔ تاہم کئی ماہ گزرنے کے باوجود انہوں نے حلف نہیں اٹھایا جب کہ اسحاق ڈار پاناما کیس میں اشتہاری اور بیرون ملک مقیم ہیں