کراچی (این این آئی) جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا عطا الرحمن نے کہا ہے کہ انتخابات کے بروقت انعقاد کے حوالے سے شکوک و شبہات ہیں ۔انتخابات کے التواء کے منصوبے بنائے جارہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کو قصر ناز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ جھرلو پھیرنے والوں کا ہی معجزہ ہے کہ انہوں نے سینیٹ کے انتخابات میں آگ اور پانی کو ایک جگہ جمع کیا ۔انہوں نے کہاکہ مائنس ون کا فارمولا ختم نہیں ہوا ۔نواز شریف کی مقبولیت کا گراف بلند ہوا ہے
اور ان کی پیش قدمی اداروں کی پریشانی کا باعث بن رہی ہے ۔مسلم لیگ کا متحد رہنا نوازشریف کی کامیابی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں میں تاخیر کے ذریعہ انتخابات کے التواء کا منصوبہ بنایا جارہا ہے ۔اگرچہ آئین میں انتخابات میں تاخیر کی گنجائش موجود ہے لیکن بے نظیر بھٹو کے قتل کے بعد بھی انتخابات ملتوی کیے گئے ۔حادثے ہوتے نہیں حادثے کرائے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ اور اسپیکر ہی اپنی نشستیں بچاپائیں گے ۔آئندہ صوبائی حکومت ہماری ہوگی ۔