اسلام آباد (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ جوتے وہی مارتے ہیں جنہوں نے ماضی میں جوتے اٹھائے ہوئے تھے اب وہ مار رہے ہیں ‘ کسی کو حق حاصل نہیں کہ وہ اس طرح سیاستدانوں کی تضحیک کرے‘ افسران کی ترقیوں کا معاملہ ہو تو وہ سپیکر قومی اسمبلی کے سامنے دن رات ایڑیاں رگڑتے ہیں جب بلائے جائیں تو نہیں آتے۔
بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر جگہ پارلیمنٹ پر حملے ہورہے ہیں سپیکر جب افسران کو بلائیں تو وہ نہیں آتے جب ان کی ترقیوں کا معاملہ ہو تو وہ دن رات سپیکر قومی اسمبلی کے سامنے ایڑیاں رگڑتے ہیں سب کو اپنے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا چاہئے قائد اعظم نے سیاست ہی سیکھی اور ملک کے لئے اپنی جان دے دی جو ملک کو ایٹمی قوت بنائے اسے جلاوطنی جو سی پیک شروع کرے اسے حکومت سے نکال دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست وہیں سے شروع ہوگی جہاں سے نواز شریف کھڑے ہو کر پیچھے لائن لگوائیں گے28جولائی کے فیصلے نے ہر ایک کو رنجیدہ کردیا ہے ہمیں چور ڈاکو کہا گیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کو مزید مضبوط جماعت بنائیں گے دونوں بھائیوں کا آپس میں اتفاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوتے وہی مارتے ہیں جنہوں نے ماضی میں جوتے اٹھائے ہوئے تھے اب وہ مار رہے ہیں اس سے سیاست دانوں کی تضحیک ہوتی ہے کسی کو حق حاصل نہیں کہ وہ اس طرح کی حرکت کرے عمران خان بھی ہمارے قدر دان ہیں۔