لاہور (آئی این پی) لاہور کے علاقے جیل روڈ پر ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو گاڑیوں کے شو روم سے 23لاکھ روپے نقدی‘ پراپرٹی اور 44نئی گاڑیوں کے کاغذات لیکر فرار ہوگئے، مالکان سراپا احتجاج ،پولیس ایف آئی آر درج کروانے کے باوجود کوئی توجہ نہیں دے رہی ، اعلی ٰحکام سے نوٹس لینے کا مطا لبہ ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جیل روڈ پر واقع ایس ایف موٹرز شوروم
سے ڈاکو رات کے اندھیرے میں تالے توڑ کر 23لاکھ روپے نقد‘ نئی گاڑیوں کے کاغذات، سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج والی ڈی وی ڈی اور دیگر قیمتی سامان اور کاغذات لیکر فرار ہوگئے۔ شو روم مالک سرفراز احمد نے تھانہ لٹن ٹائون لاہور میں ایف آئی آر درج کروا دی ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ ہم جب صبح آئے تو شو روم کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے جب اندر دیکھا تو سامان بکھرا پڑا تھا۔ 23لاکھ روپے نقدی ‘ چار عدد ہائیکورٹ سوسائٹی میں پراپرٹی کے کاغذات‘ بھائی کا شناختی کارڈ‘ بیٹی کا پاسپورٹ‘ 44 عدد نئی گاڑیوں کی ایکسائز فائلیں، مختلف بینک اکاونٹس کی چیک بک اور دیگر سامان غائب تھا۔ سرفراز احمد نے میڈیا کو بتایا کہ ہمارا 15 کر وڑ سے زائد کا نقصان ہوا ہے لیکن پولیس ایف آئی آر درج کروانے کے باجود کوئی توجہ نہیں دے رہی۔ پولیس صرف ایک بار آئی ہے اور چلی گئی ہے اس کے بعد کسی نے ہمیں پوچھا تک بھی نہیں ۔ہماری اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ وہ واقعہ کا نوٹس لیں ۔واضح رہے کہ لاہو رمیں سٹریٹ کرائم کے علاوہ اب دکانوں پر رات کے وقت ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس کو کنٹرول کرنے میں پولیس بری طرح ناکام ہو چکی ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے بنائی گئی ڈولفن فورس بھی تقریبات کی خبروں تک ہی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔