لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف پر جامعہ نعیمیہ میں جوتا پھینکنے والے شخص کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ مقدمہ اکبر نامی اے ایس آئی کی مدعیت میں تھانہ گڑھی شاہو میں درج کیا گیا ہے، اس ایف آئی آر میں جوتا پھینکنے والے شخص سمیت تین افراد پر سولہ ایم پی او، 506 اور 355 دفعات کا اندراج کیاگیا ہے، ایف آئی آر میں مدعی اکبر نے لکھا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف جیسے ہی تقریب کے شرکاء
سے خطاب کرنے کے لیے ڈائس پر آئے تو قریب کھڑے ایک شخص علامہ حافظ منور نے جوتا نواز شریف کی طرف پھینکا جو ان کے بائیں کندھا پر جا کر لگا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کی سی آئی اے نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ گرفتار تینوں ملزمان سے ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ملزمان نے سابق وزیراعظم نواز شریف پر ختم نبوت کے قانون میں ترمیم کرنے اور اس سلسلے میں دیے گئے اسلام آباد دھرنے کے شرکاء پرریاستی ظلم و تشدد کی وجہ سے جوتا پھینکاتھا۔